دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںلندن دہشتگردانہ حملے میں چھے افراد ہلاک۔

لندن دہشتگردانہ حملے میں چھے افراد ہلاک۔

لندن(ہمگام نیوز) لندن میں ہفتے کی شب شہر کے مرکزی علاقے میں تین حملہ آوروں نے ایک وین کے ذریعے پیدل چلنے والوں کو نشانہ بنایا اور بعد میں چاقوؤں سے حملے کیے۔ ان واقعات میں چھ افراد ہلاک جب کہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملے جس مقام پر کیے گئے وہاں درجنوں بارز اور نائٹ کلب موجود ہیں اور ہفتے کی شب تفریح کے لیے اس علاقے کا رخ کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ ان حملوں کے بعد مسلح پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ان تینوں حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی حکام نے ان حملوں کے وقت اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے مقامی لوگوں کو بھاگنے، چھپ جانے اور بتانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں، جب آٹھ جون کو برطانوی عوام عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والے ہیں۔ اس سے صرف دو ہفتے قبل برطانوی شہر مانچسٹر میں بھی ایک امریکی پاپ گلوکار کے کنسرٹ میں شریک افراد پر ہونے والے خودکش بم حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہفتہ تین جون کو لندن میں ہونے والے اِن حملوں کی ذمہ داری فی الحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ برطانیہ کی انسدادِ دہشت گردی پولیس کے سربراہ مارک روولے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس حملے میں چھ عام شہریوں کے علاوہ تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تینوں حملہ آوروں کے بارے میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ انہوں نے خودکش جیکٹیں پہن رکھی ہیں، تاہم بعد میں یہ اندازہ غلط ثابت ہوا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پر جاری کردہ ایک تصویر میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے دو مبینہ حملہ آور دکھائی دیے، جنہوں نے اپنے جسم کے ساتھ مواد باندھا ہوا تھا۔ اس حملے کے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود لندن کے اس مرکزی علاقے کی ناکہ بندی جاری ہے جب کہ علاقے میں مسلح پولیس اہلکار اور انسدادِ دہشت گردی فورس کے اہکار گشت کر رہے ہیں۔ لندن ایمبولینس سروس کے مطابق واقعے کے بعد چالیس سے زائد زخمیوں کو شہر کے تین مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جب کہ مریضوں اور ڈاکٹروں کی حفاظت کے لیے ان تینوں ہسپتالوں کے آس پاس بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ حملہ لندن کے مشہور پل اور بارو مارکیٹ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ہر طرف بارز اور ریستوران واقع ہیں اور ہفتے کی شب عموماﹰ یہ علاقہ لندن کے رہائشیوں سے بھرا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز