Homeانٹرنشنلماسکو پر یوکرین کے ڈرون حملے کے جواب میں روس سخت اقدامات...

ماسکو پر یوکرین کے ڈرون حملے کے جواب میں روس سخت اقدامات نہ کرے: یورپی یونین

پیرس( ہمگام نیوز ) یورپی یونین نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے ماسکو کے وسط میں واقع عمارتوں پر ڈرون حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ نہ کرے۔

روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلہ مصرعلی نے برسلز میں ایک بریفنگ میں کہا کہ روس کواس ڈرون حملے کو مزید کشیدگی کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

نبیلہ مصرعلی کے مطابق یورپی یونین کے پاس ڈرونز کی اصل اور واقعہ کی تفصیل کے بارے میں کوئی آزادانہ معلومات نہیں۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کو یورپی یونین کے مہیّا کردہ ہتھیاروں کو صرف اپنے علاقے کے دفاع کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

انھوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی طرف سے یوکرین کومہیّاکردہ فوجی سازوسامان صرف اس کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے جولائی کے اختتام پر ایک ڈرون حملہ کیا ہے جس میں ماسکو کے وسط میں واقع دو عمارتوں اور جزیرہ نما کریمیا میں گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یوکرین کے ایک دفاعی ذریعے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ماسکو پر حملہ کیف کی ملٹری انٹیلی جنس کی جانب سے کیا جانے والا ایک ‘خصوصی آپریشن’ تھا۔ ڈرون حملے کے بعد روس کی وزارت دفاع نے سخت جوابی اقدامات کا عزم ظاہر کیا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا نے یوکرین کے اقدامات پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روس کے اندر حملوں کی حمایت نہیں کرتا۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین ژاں پیئر نے ایک پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا:’’عام معاملہ کے طور پر ہم روس کے اندر حملوں کی حمایت نہیں کرتے ہیں‘‘۔

Exit mobile version