واشنگٹن(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دورہ اسرائیل کے دوران مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرح دوسرے عرب ملکوں کو بھی چاہیے کہ اب وہ اسرائیل کو بطور ایک یہودی ریاست تسلیم کریں۔
مائیک پومپیو نے آج پیر چوبیس اگست کے روز پہلے تو یروشلم میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ ایک ملاقات کی اور پھر دونوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل اور خلیجی عرب ریاست متحدہ عرب امارات کے مابین طے پانے والے حالیہ معاہدے پر نیتن یاہو حکومت اور اسرائیلی عوام کو مبارک باد دی۔
مائیک پومپیو نے مطالبہ کیا کہ اب دیگر عرب ریاستوں کو بھی ایک یہودی ریاست کے طور پر اسرائیل کے وجود کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لینا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا، ”ان (عرب) ریاستوں کا اسرائیلی ریاست کو تسلیم کر لینا ان کے لیے اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع بھی ہو گا اور یوں مشرق وسطیٰ میں بہت سے نئے مواقع اور امکانات بھی پیدا ہوں گے”۔
اسرائیل اور خلیجی عرب ریاست متحدہ عرب امارات نے اسی مہینے آپس میں ایک تاریخی معاہدے اور باقاعدہ سفارتی تعلقات کے قیام کا اعلان کر دیا تھا۔
اس کے لیے ثالثی امریکا نے کی تھی، اس اعلان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یو اے ای نے اسرائیل کے ساتھ اس معاہدے پر اتفاق رائے نیتن یاہو حکومت کے اس وعدے کے بعد کیا تھا کہ مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے مزید حصے اسرائیلی ریاست میں ضم نہیں کیے جائیں گے۔


