Homeخبریںمقبوضہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیلاب زدگان کے امدادی سامان کی...

مقبوضہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیلاب زدگان کے امدادی سامان کی بندر بانٹ: بدعنوان صحافت اور حکومت کا گٹھ جوڑ بے نقاب

کوہلو (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیلاب متاثرین نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں اور نام نہاد حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ متاثرین نے انکشاف کیا کہ پروینشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان، جو سیلاب زدگان کے لیے تھا، وہ مستحقین تک پہنچنے کے بجائے کوہلو ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ متاثرین نے الزام لگایا کہ کرپٹ حکومت صحافیوں کو فوائد دے کر اپنی حمایت حاصل کر رہی ہے، تاکہ ان کی کارکردگی کو بے جا تعریفوں میں ڈھالا جا سکے۔

سیلاب متاثرین نے کہا کہ اس بدعنوانی کا مقصد نہ صرف میڈیا کی حمایت خریدنا ہے بلکہ نام نہاد حکومت کی جانب سے صحافیوں کو دباؤ اور مراعات کے ذریعے اپنے حق میں پروپیگنڈا کرنے پر مجبور کرنا بھی شامل ہے۔ پاکستانی حکومت کی طرف سے ملنے والے خصوصی پیکجز اور دھمکیوں نے صحافت کے شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں آزاد صحافت کے اصول پامال ہو رہے ہیں۔

متاثرین کے مطابق، حالیہ واقعے میں لیویز فورس کی ملی بھگت سے سیلاب زدگان کے راشن سے بھرا ایک ٹرک پریس کلب پہنچایا گیا، جہاں اسے صحافیوں میں بانٹ دیا گیا۔ سیلاب زدگان نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت یہ امدادی سامان مستحقین کے بجائے صحافیوں کو دیا جا رہا ہے؟

یہ واقعہ قابض پاکستان میں صحافت کے بگڑتے ہوئے معیار اور بدعنوانی کی عکاسی کرتا ہے، جہاں حکومت صحافیوں کو مراعات اور دباؤ کے ذریعے اپنی مرضی کے بیانیے کو فروغ دینے پر مجبور کرتی ہے۔ اس گٹھ جوڑ سے نہ صرف عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچا ہے بلکہ مستحق افراد کی حق تلفی بھی ہو رہی ہے، جو پہلے ہی سیلاب جیسے قدرتی آفات کے شکار ہیں۔

Exit mobile version