خضدار (ہمگام نیوز) 27 مارچ 2009 کو مقبوضہ بلوچستان کے شہر خضدار سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری طور پر اغواء ہونے والے مُشتاق بلوچ کے لواحقین نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مُشتاق بلوچ بے قصور ہے اُسے باحفاظت بازیاب کیا جائے۔
مُشتاق بلوچ کے لواحقین نے مزید کہا ہے کہ اگر مُشتاق بلوچ نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے ریاست کے ہی قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیئے جائیں، جبکہ اس کے برعکس ہمارے پیاروں کو کئی سالوں سے اس طرح فوجی کیمپوں کے ازیت خانوں میں مسلسل حبس بے جا میں رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ہم ملکی اور غیر ملکی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچ جبری مغوی اسیران کی باحفاظت بازیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرکے جبری مغویان کے پورے خاندان کو اجتماعی اذیت سے نجات دلانے میں ہماری مددکریں۔
واضح رہے بلوچستان میں جبری اغوا شدہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے،جن کے لواحقین کے احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


