واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے ایک روز قبل ایران کے لیے خریداری کرنے والے ایک ایجنٹ اور اس کے نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ایران نے ان نئی پابندیوں کو امریکی حکومت کا ایرانی عوام کے ساتھ ’خاص بغض‘ قرار دیا ہے
تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت نے بدھ تیس مارچ کو جس ایرانی ایجنٹ پر پابندیوں کا نفاذ کیا ہے، اس پر الزام رکھا گیا ہے کہ وہ اور اس کے نیٹ ورک سے جڑی دوسری کمپنیاں ایرانی حکومت کے انتہائی جدید بیلسٹک میزائل سازی میں مددگار و معاون ہیں۔
اس امریکی فیصلے پر ایران نے تنقید کی ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہتی اور وہ ایرانی عوام پر اپنا دباؤ بڑھائے ہوئے ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایرانی عوام پر دباؤ بڑھانے کی اس امریکی پالیسی کو ناکامیوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔