Homeخبریںنواب خیر بخش مری کی آٹھویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے...

نواب خیر بخش مری کی آٹھویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی : این ڈی پی

کوئٹہ (ہمگام نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قوم کی جدید تاریخ بابا خیر بخش مری کے ذکر کے بغیر مکمل ہو نہیں سکتی، اس عظیم اور صوفی منش سیاسی رہنما نے اپنے افکار اور عملی قربانیوں سے بلوچ قوم باالخصوص نوجوانوں کو ایک نیا زاویہ عطا کیا۔

انہوں نے اس خطے کی روایتی سیاست کو یکسر مسترد کرکے بلوچ قوم کی بقا، نجات اور روشن کل کے حوالے سے سیاست کے دیگر ذرائع اور پہلوؤں سے روشناس کرایا، ثابت قدمی کے ساتھ اپنے افکار پر عمل کیا اور قربانیاں دیں۔

ترجمان نے کہا بابا مری بلوچ قومی جدوجہد کے ساتھ اپنے عشق کو اس طرح سر انجام دیا کہ اس عشق کی راہ میں انہوں نے اپنی شخصیت کو بھی نفی کرکے رکھ دیا۔ جہاں وہ ایک پختہ، راسخ سیاسی رہنما رہے، ان کا شمار سیاست و تاریخ کے علماء میں بھی ہوتا ہے،

انہوں نے بلوچ قومی جدوجہد کی فکری اور نظریاتی آبیاری کی، یہی وجہ ہے کہ ہر آنے والا دن اور وقت ان کے خیالات اور افکار کی عظمت اور حقانیت کو ثابت کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج وہ پوری بلوچ قوم کے غیر متنازعہ اور سب سے عظیم رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا بابا مری بلوچ قوم کی تاریخ کے سب سے قد آور شخصیت ہیں، ان جیسا مفکر اور رہنما صدیوں ہی میں جنم لیتے ہیں، بلوچ قوم اس اعتبار سے خوش قسمت ہے کہ ان کو قدرت نے بابا مری جیسی عظیم، سچائی سے محبت کرنے والی شخصیت عطا کیا، انہوں نے بلوچ قوم کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو ہی نہیں بلکہ پوری زندگی وقف کی۔ بحیثیت قوم ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ نہ صرف ان کو یاد رکھا جائے، ان کی شخصیت پر حقیقت پسندی کے ساتھ لکھا جائے، ان کی زندگی کے مختلف گوشوں کو سامنے لایا جائے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے افکار کو بلوچ قومی جدوجہد کا آئین و منشور بنا کر انہی پر عمل پیرا ہوکر بلوچ سیاسی عمل کو جاری رکھا جائے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بلوچ قوم کے اس عظیم رہنما کو خراج عقیدت و سلام پیش کرنے کی خاطر ان کی آٹھویں برسی کے دن شال میں ریفرنس کا انعقاد کرکے ان کی فلسفہ، نظریہ، عظمت، جرات اور بلوچ قوم دوستی کو سلام پیش کرنا ہے۔

Exit mobile version