دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںپاکستانی فوج کی بربریت روز بروز شدت اختیار کرتی جارہی ہے .بی...

پاکستانی فوج کی بربریت روز بروز شدت اختیار کرتی جارہی ہے .بی این ایم

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے بلوچستان میں جاری آپریشن اور عام آبادیوں پر پاکستانی فوج کی بمباریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کی بربریت روز بروز شدت اختیار کرتی جارہی ہے مگر عالمی ادارے اور میڈیا خاموشی پر اکتفا کرکے اپنے فرض سے چشم پوشی کر رہے ہیں۔ آج گومازی میں ایک دفعہ پھر گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری سے ایک کم عمر بچہ ساجد ولد بہادر سکنہ ملانٹ شہید ہوئے ہیں اور کئی بلوچ فرزندوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ مشکے، جھاؤ اور گریشہ کے پہاڑی سلسلے میں مختلف گاؤں چار دن سے فوجی گھیراؤ میں ہیں اور ان علاقوں میں مکین انتہائی خوف کے ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں، خدشہ ہے کہ دوسرے علاقوں کی طرح یہاں بھی بمباری کرکے عام آبادی کو نشانہ بنایا جائے گا، جو پاکستانی فورسز کا شیوہ رہا ہے۔ مشکے کے علاقے منجو میں تین دن سے جاری بمباری ،آپریشن اور محاصرے میں داد محمد، لعل جان اور محمد خان کے تمام گھروں کو جلا کر خاکستر کیا گیاہے اور خواتین و بچوں پر تشدد کرکے سردی میں کھلے آسمان بغیر خوراک کے زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔عبدالعزیز کے بیٹے کو شیلنگ اور فائرنگ سے شہید(جس کانام معلوم نہ ہو سکا)، ایک دس سالہ بلوچ چرواہا زخمی اور کمال جان ولد داد محمد کو اغوا کیا گیا ہے۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے معاہدے کے بعد چین ، پاکستان اور مقامی نیشنل پارٹی نے مشترکہ طور ان آپریشن اور بلوچ نسل کشی میں تیزی لائی ہوئی ہے۔ پاکستانی جرنیلوں اور نیشنل پارٹی سمیت دوسرے پارلیمانی جماعتوں کا ہر قیمت پر گوادر و بلوچستان کو ترقی دینے کی دھمکی اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ اس بلوچ نسل کشی میں شریک ہیں اور انہیں بلوچ نہیں بلکہ بلوچستان کی ضرورت ہے ، مگر بلوچ قوم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان کی آزادی اور بلوچ قومی تشخص و ثقافت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دیکر تمام قابضین کو شکست سے دوچار کرکے جدو جہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ اس بلوچ کش پالیسی جیسے ترقی میں گوادر ڈیپ سی پورٹ کے وارث پینے کے پانی سے محروم ہیں۔جبکہ لاکھوں غیر بلوچوں کو آباد کرکے بلوچوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بعد تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے بلین ڈالرز کے معاہدے میں سرداروں، نیشنل پارٹی وغیرہ کو کچھ حصہ دیکر بلوچ وسائل کو ہڑپ کیا جا رہا ہے اور انہی کی ملی بھگت سے مختلف آپریشن کرکے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کیا جا چکا ہے۔ریاست چائنا اور چینی کمپنیوں کے ڈالر ز سے بلوچستان میں آپریشن تیز اور بلوچ جہد کے خلاف پروپگنڈہ کیا جا رہاہے۔ یہ منصوبے بلوچ قومی غلامی کو دوام بخشنے اور بلوچ کو اپنی ہزاروں سالہ سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں ہیں۔ یہ ترقی ہمیں جہنم کی طرف لے جائے گی، لہٰذایہ ترقی بلوچ قوم کو کسی قیمت پر قبول نہیں۔ بلوچ اپنی ہزاروں سالہ سرزمین و آزادی کی بحالی کیلئے جدو جہد کر رہی ہے اور پاکستان کا وحشی فوج بے دردی سے بلوچ عوام پر بمباری کرکے اس تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس بربریت کے تدارک کیلئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز