واشنگٹن (ہمگام نیوز ) افغانستان میں تشدد کی کارروائیاں بند کرنے کے حوالے سے، امریکی سنٹرل کمان کے کمانڈر نےکہا ہے کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ پاکستان اپنے علاقوں میں طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرے۔
جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ، ’’پاکستان کئی طریقوں سے یہ اقدام کر سکتا ہے: اُنھیں گرفتار کرکے، بے دخل کرکے، ہر طرح کا دباؤ ڈالتے ہوئے تاکہ وہ (شدت پسند) تشدد کی کارروائیوں سے باز آئیں‘‘۔
جنرل ووٹل نے یہ بات ٹمپا، فلوریڈا سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے پینٹاگون میں موجود اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ’’ ہم بھی اس بات کے خواہاں ہیں کہ پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لائے، اور مواقع سے استفادہ کیا جائے‘‘۔
صدر ٹرمپ کی افغان حکمتِ عملی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جنرل ووٹل نے اس بات کی تصدیق کی کہ پالیسی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم، اُنھوں نے پالیسی میں ’’کسی اہم تبدیلی‘‘ کے امکان کو رد کیا۔ اُنھوں نے اس جائزے کو رواجی عمل قرار دیا، جو جائزہ اِس پر عمل پیرا ہونے کے ایک سال مکمل ہونے پر لیا جا رہا ہے۔