نیودہلی(ہمگام نیوزڈیسک) ہندوستان کی وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج نے پاکستان سے مسعود اظہر کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تب تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات نہیں کر سکتا جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگرد تنظیموں اور گروپس کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ریاستی آدمی ہیں۔
اگر وہ اتنے ہی سخی ہیں تو جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو ہندوستان کے حوالے کر دیں، دیکھتے ہیں کہ عمران خان کتنے سخی ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ بات کرنےکے لیے تیار ہیں لیکن صرف تب جب پاکستان دہشتگردوں سے پاک ہو گا کیونکہ مذاکرات اور دہشتگردی دونوں ایک ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان میں جیش محمد کے ٹھکانے کو ٹارگٹ کیا تھا لیکن پاکستانی فوج نے جیش محمد کی طرف سے ہندوستان میں کارروائی کیوں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان صرف اپنی سر زمین دہشتگردوں کو پناہ ہی نہیں دیتا ، بلکہ جب کوئی ملک ان دہشتگردوں کے خلاف کوئی کارروائی کرتا ہے تو پاکستان ان دہشتگردوں کی طرف سے حملہ کرتا ہے۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ سشما سوراج نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی فوج اور آئی ایس آئی کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے جو پاکستان اور انڈیا کے مابین دو طرفہ تعلقات تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔