اسلام آباد(ہمگام نیوز ڈیسک) افغانستان میں برسرپیکار طالبان جنگجووں نے کہا ہے کہ پاکستان نے ان کے مزید 2 ساتھیوں کو رہا کر دیا ہے۔رہا کیے جانے والوں میں سے ایک کا نام عبدالصمد ثانی ہے جو طالبان کے دور اقتدار میں افغانستان کے مرکزی بینک کے گورنر تھے۔ ان کا نام امریکہ کے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ جب کہ دوسرے شخص کا نام صلاح الدین ہے جو چھوٹی سطح کے کمانڈر تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کے عہدے داروں نے کہا کہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کا اختیار نہیں ہے، تاہم انہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان دونوں افراد کو پیر کے روز رہا کیا گیا۔طالبان عہدے داروں کی رہائی کا تعلق امریکہ کی ان کوششوں سے ہو سکتا ہے جس کا مقصد افغانستان میں امن کے قیام سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔یہ رہائی ایک ایسے وقت پر ہوئی جب امریکہ کے خصوصی سفیر زلمے خلیل زاد نے خطے کا اپنا دوسرا دورہ کیا جس میں ان کا قیام پاکستان، افغانستان، اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ قطر میں بھی ہے جہاں طالبان کا ایک سیاسی دفتر موجود ہے۔طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے مہینے قطر میں خلیل زاد سے ملاقات کی تھی۔زلمے خلیل زاد نے گزشتہ جمعرات کو خطے کا دورہ شروع کیا تھا اور وہ 20 نومبر کو واشنگٹن واپس جائیں گے۔


