Homeخبریںپاکستان کا جوہری پروگرام بے ربط، شاید یہ دنیا کےخطرناک ملکوں میں...

پاکستان کا جوہری پروگرام بے ربط، شاید یہ دنیا کےخطرناک ملکوں میں سے ایک ہے: بائیڈن

واشنگٹن(ہمگام نیوز) ویب ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار بے ربط ہیں اور ہو سکتا ہے کہ یہ ملک دنیا کے سب سے زیادہ خطرناک ملکوں میں سے ایک ہو۔
جمعرات کو ڈیمو کریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ کیا کسی نے سوچا تھا کہ آج ہم یہ دیکھ رہے ہوں گے کہ چین بھارت، روس اور پاکستان کے ساتھ اپنے روابط کو کس طرح آگے بڑھا نےکی کوشش کر رہا ہو۔
بائیڈن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ کسی بھی امریکی سربراہِ مملکت سے زیادہ وقت گزارا ہے۔ ان کے ساتھ گزشتہ 10 برسوں میں ہونے والی ملاقاتوں کا دورانیہ 78 گھنٹے ہے جن میں سے 68 گھنٹے ون آن ون ملاقاتوں کے تھے۔صدر بائیڈن نے چینی صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ بہت سے مسائل ہیں، لہٰذا ہم انہیں کیسے ہینڈل کریں؟ روس میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے ہم کیسے نمٹیں؟ اور میرا خیال ہے کہ دنیا کےسب سےخطرناک ملکوں میں سے ایک، پاکستان ہو ، جس کے جوہری ہتھیار بے ربط ہیں۔”بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس ساری صورتِ حال میں بہت کچھ ہو رہا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کے پاس اکیسویں صدی کے دوسرے کوارٹر میں ان حالات میں تبدیلی کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
صدر بائیڈن نے خطاب میں کہا کہ اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم ان حالات کو کیسے سنبھال سکتے ہیں، آپ میں سے کئی نے یہ پہلے بھی سن رکھا ہو گا جو میں نے صدر بننے کے بعد دنیا کی سات بڑی جمہوریتوں کے فورم جی سیون سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”اب امریکہ واپس آ گیا ہے۔”

Exit mobile version