کراچی(ہمگام نیوزڈیسک) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کے رپورٹس کے مطابق پاکستان کے قرضے اور واجبات 402 کھرب 15 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق قرضوں اور واجبات میں ایک سال میں 10 ہزار 335 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا، قرضے اور واجبات ملکی تاریخ میں پہلی بار جی ڈی پی کے 104 فیصد سے بھی تجاوز کر گئے، پاکستان کا ہر شہری اوسطا ایک لاکھ 93 ہزار 551 روپے کا مقروض ہوگیا۔اور یہ سلسلہ بڑی تیزی کے ساتھ جاری یے۔
بارہ ماہ کے دوران مجموعی قرضوں اور واجبات میں 34.6 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
جبکہ دوسری طرف کرنسی مارکیٹوں میں بدھ کو ایک بار پھرپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 15 پیسے مہنگا ہوا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 15 پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 157.30 روپے سے بڑھ کر 157.45 روپے اورقیمت فروخت 157.40روپے سے بڑھ کر157.55روپے ہوگئی ۔