پشاور(ہمگام نیوز)پشاور میں پولیس وین اور پولیس چوکی پر دستی بم حملوں میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کی موبائل وین پر دستی بم سے حملہ کیا۔ حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
دستی بم سے حملے کا دوسرا واقعہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ہوا جہاں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے پرانی پولیس چوکی پر دستی بم پھینکا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سی سی پی او پشاور عباس احسن کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔
بڈھ بیر اور متصل باؤنڈری ایریا میں نامعلوم مسلح کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔