Homeخبریںپی ٹی ایم کا پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ...

پی ٹی ایم کا پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں :منظور پشتین

اسلام آباد (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے ایک بار پھر پشتون تحریک کو غیر پارلیمانی انداز میں چلانے کا عہد دہرایا ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یہی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ پی ٹی ایم پارلیمانی سیاست میں کودنا چاہتی ہے مگر اس وقت ہمارا کوئی ایسا ارادہ نہیں ہے باقی وباء کے دنوں میں اس لئے ہم نے تحریک کی مصروفیات کم کر دی ہیں تاکہ لوگ ایس او پیزکے مطابق زندگی بسرکر سکیں اور اس خطرناک دور کو ہم خیریت سے گزاریں۔

منظور پشتین نے کہا کہ چند ماہ یا ہفتوں کی خاموشی کا مطلب یہ بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم بھٹک گئے ہیں یا مقصد بھول گئےہیں۔ روز اول سے ہم نے جس طرح پشاورکے جلسے میں کہا تھا کہ پشتونوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہم اپنی جانیں بھی قربان کریں گے ۔ پی ٹی ایم کا مقصد آج بھی اسی جگہ پرتوانا درخت کی طرح کھڑاہے۔

پی ٹی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم مزاحمتی تحریک کی مدد سے ہی اس ملک میں پشتونوں کے لئے آئینی حقوق حاصل کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اپنے آڈیو پیغام میں تحریک کے ساتھیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کےلئے آپ سب نے عظیم قربانیاں دی ہیں اب آگے جانے کے لئے راہ ہموار ہے کیوں کہ ریاستی مظالم اپنی آخری حدود کو پہنچ گئے ہیں “خڑکمر” کا واقعہ اور اس کے ساتھ عارف وزیر اور دوسرے شہداء اور زخمی ساتھیوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

منظورپشتین نے کہا کہ ہمارے قدم نہ تو دھمکیوں نے ڈگمگائے ہیں اور نہ تو پراپیگنڈہ ہمیں ہمارے مقصد سے بھٹکا سکتا ہے۔ پی ٹی ایم اپنے بنیادی مطالبات لاپتہ افراد کی بازیابی اور سپانسرڈ جنگ سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

Exit mobile version