چابہار (ھمگام نیوز) رپورٹ کے مطابق آج بروز پیر 9 مارچ 2026 کو رات کے وقت امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فضائی و میزائل حملوں کے تسلسل میں ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے ساحلی شہر چابہار میں واقع شہید بہشتی اسکلہ کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ حملہ آج صبح کے وقت کیا گیا اور اسکلہ کے اطراف مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ تاحال اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ روز اتوار 8 مارچ 2026 کی شام بھی اسی علاقے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جب کم از کم پانچ میزائل شہید بہشتی اسکلہ اور اس کے اطراف موجود ایران سے منسلک تنصیبات کے قریب گرے تھے، جس سے متعدد دھماکے ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق چابهار فری زون کے قریب واقع سپاہ پاسداران سے وابستہ امام علی بیس کے اطراف کے علاقے کو بھی دوبارہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس مقام پر بھی گزشتہ روز شام کے بعد حملے کیے گئے تھے۔
اس خبر کے شائع ہونے تک ایرانی حکام کی جانب سے ان حملوں اور ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔


