Homeخبریںبلخ:طالبان نے مسافر بس روک کر 25 افراد کوبس سمیت اغوا کیا

بلخ:طالبان نے مسافر بس روک کر 25 افراد کوبس سمیت اغوا کیا

بلخ (ہمگام نیوزڈیسک ) افغانستان میں پاکستان کی حمایت یافتہ طالبان جنگجووں نے بھری بس سے 25مسافروں کو یرغمال بنا کر نامعلوم مقام کی طرف اپنے ہمراہ لے گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے بلخ سے مزار شریف جانے والی مسافر بس کو طالبان جنگجوؤں نے یرغمال بنالیا، بس میں سوار 25 مسافروں میں خواتین بھی شامل ہیں، طالبان مسافروں سمیت بس کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

گورنر بلخ کے ترجمان منیر احمد نے مسافروں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان نے کچھ دیر بعد بس میں سوار خواتین کو رہا کردیا تھا تاہم دیگر مسافروں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

رہائی کے بعد خواتین مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ مزار شریف جارہی تھیں کہ مسلح جنگجوؤں نے بس کو گھیرے میں لے لیا، چار جنگجو بس میں سوار ہوگئے اور بس کو چلاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں لے گئے۔

خواتین مسافروں کو طالبان اپنی پک اپ پر مرکزی شاہراہ پر چھوڑ کر روانہ ہوگئے، افغان حکومت کی جانب سے اغوا ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جب کہ مغویوں کی رہائی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Exit mobile version