(ہمگام نیوز )
سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور کالم نگار گل بخاری کو منگل کی شب لاہور میں اغوا کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا۔گل بخاری کے اہل خانہ کی جانب سے تصدیق کی کہ گل بخاری بخیریت گھر واپس لوٹ چکی ہیں تاہم انھوں نے گل بخاری کے اغوا کے حوالے سے مزید کوئی بات نہیں بتائی۔گل بخاری کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گل بخاری کو لاہور میں نامعلوم افراد نے رات گیارہ بجے کے قریب اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ پروگرام کرنے کے لیے وقت ٹی وی کے دفتر جا رہی تھیں۔وقت ٹی وی کے ڈائریکٹر پروگرامنگ نے کہا کہ گل بخاری ادارے کی گاڑی میں پروگرام کرنے کے لیے دفتر کی جانب آرہی تھیں کہ شیر پاؤ بریج پر تین سے چار گاڑیوں نے ان کی گاڑی کو روکا۔ان کا کہنا تھا کہ ان گاڑیوں میں سویلین افراد کے علاوہ یونیفارم میں ملبوس افراد بھی سوار تھے جو گل بخاری کو اپنے ساتھ بٹھا کر لے گئے تھے۔