کراچی(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی قبضہ گیریت کے خلاف سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور متاثرین کا دھرنا ہنگامہ آرائی میں تبدیل، مین گیٹ سمیت گاڑیاں اور عمارتیں نذر آتش کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تعمیراتی کمپنی بحریہ ٹاؤن کی جانب سے مبینہ طور پر مقامی گوٹھوں کو مسمار کرنے کے خلاف سندھ کی قوم پرست جماعتوں، مزدور و کسان تنظیموں اور متاثرین کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف ’غیرقانونی قبضے چھڑوانے کے لیے‘ کیے جانے والا احتجاج ہنگامہ آرائی کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف احتجاج میں ہنگامہ آرائی کے دوران گیٹ کے سامنے نامعلوم افراد نے آگ لگائی جبکہ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی ہے۔
مرکزی گیٹ کے سامنے احتجاج سے قبل مظاہرین نے سپر ہائی وے پر بھی دھرنا دیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اس احتجاج کے دوران نامعلوم افراد بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دروازے سے اندر داخل ہوگئے اور وہاں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد جلسہ گاہ سے اعلان کیا گیا کہ ’شرپسندوں کا تعلق ان سے نہیں ہے، پولیس انھیں حراست میں لے۔ ‘ توڑ پھوڑ کرنے والے افراد نے نہ صرف رکاوٹوں کو نذر آتش کیا بلکہ موقعے پر موجود گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی۔