کراچی (ہمگام نیو) کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لیاری میں شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ پر کمیلا اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
چینی شہری کی شناخت جیسن کے نام سے ہوئی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ خدشہ ہے کے اسے گولی چھو کر گزری ہے یا گاڑی کا شیشہ لگنے سے چوٹ آئی ہے۔ زخمی ہونے والا چینی باشندہ کراچی کے ساؤتھ سٹی میں صفائی کرنے والی کمپنی کا ملازم بتایا جاتا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق شہری خالد کو پیٹ میں گولی لگی جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے تاہم اس کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی لیاری سرفراز نواز شیخ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
سرفراز نواز کے مطابق وہ ان دنوں چھٹی پر ہیں تاہم موصول اطلاعات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ چینی باشندہ جیسن گاڑی کا شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوا۔


