تہران ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایران میں کرونا وائرس کے باعث رکن پارلیمنٹ کی موت واقع ہوئی ہے۔
ایرانی رکن پارلیمنٹ محمد علی رمضانی جنہیں چند روز قبل کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی وہ آج صبح ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری میڈیاکے مطابق محمد علی رمضانی دستک حال ہی میں آستانہ اشرفیہ کے رکن منتخب ہوئے تھے،وہ چند روز قبل ہی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے تاہم ایرانی میڈیا نے یہ نہیں بتایا کہ محمد علی رمضانی کی موت کرونا وائرس کے باعث ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ محمد علی رمضائی کی موت فلو اور ایسے کیمائی زخموں کے باعث ہوئی جو انہیں ایران عراق جنگ کے دوران آئے تھے۔
گذشتہ روز کرونا وائرس کے باعث ایران کے ایک سابق سفیر بھی چل بسے تھے۔بتایا گیا کہ کرونا وائرس کے باعث ایران کے سابق سفیر سعید ہادی بھی اس سے پہلے ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وہ تہران کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
سعید ہادی ویٹی کن میں بطور سفیر خدمات سر انجام دے چکے ہیں، ان کی عمر 81 سال تھی۔واضح رہے کہ ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور عائلی امور معصومہ ابتکار بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ایرانی نائب صدراسحاق جہانگیری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، ایرانی نائب صدر کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں اسحاق جہانگیری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس سے قبل ایران میں نائب وزیر صحت ارج حریرچی اور رکن پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ایرانی عوام نے تشویش کا اظہار کیا کہ حکام کورونا وائرس کی وباء کی شدت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ چین کے بعد ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ جبکہ چین میں گزشتہ سال دسمبر سے لے کر اب تک 2 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایران کے رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی نے ٹویٹ میں بتایا کہ مجھ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مجھے امید نہیں کہ زیادہ عرصہ تک زندہ رہ سکوں۔


