کوئٹہ(ہمگام نیوز) بلوچستان کے ضلع کچھی میں ایک مندر میں پیش آنے والی چوری کے واردات کے خلاف کوئٹہ میں ہندو اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
یہ مظاہرہ کوئٹہ شہر میں سنیچر کی شام منان چوک پر کیا گیا۔
مندر میں چوری کا واقعہ 11 روز قبل ضلع کچھی کے علاقے حاجی شہر میں پیش آیا تھا۔
ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق مندر سے نقدی کے علاوہ دو مذہبی کتابیں بھی چوری کی گئی تھیں۔
مظاہرے میں شر یک ڈاکٹر روی سنگھ کا کہنا تھا کہ تاحال نہ اس واقعے میں ملوث افرادگرفتار کیے گئے اور نہ ہی مقدس کتابوں کی برآمدگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مظاہرے کے شرکا نے جہاں مندر میں رونما ہونے والے واقعے کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہارکیا وہاں ان کا کہنا تھا کہ ان کے دیگر حقوق کو بھی یقینی نہیں بنایا جارہا ہے۔
مظاہرے میں شریک کنول کمہار راجپوت نے کہا کہ ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا جارہا ہے۔
مظاہرے کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ ان کے مذہبی مقامات کی سکیورٹی کو سخت کیا جائے تاکہ آئندہ وہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔