گوادر (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق گوادر کے علاقے سربندن میں ندیم نامی نوجوان نے خودکشی کرکے اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ خودکشی کرنے والے نوجوان کی عمر 20 سال ہے جس کی لاش جی ڈی اے ہسپتال منتقل کردی گئی۔
آخری اطلاعات آنے تک خودکشی کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
واضح رہے مکران سمیت پورے بلوچستان میں خودکشی کے واقعات میں انتہائی اضافہ ہوتا جارہا ہے، جس کے بارے میں سماجی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے، دسمبر کے مہینے میں معروف سماجی کارکن زاہد حسین دشتی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مکران ڈویژن میں گذشتہ تین ماہ کے دوران 30 سے زائد افراد خودکشی کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقے کیچ اور گوادر میں حالیہ چند ماہ کے دوران خودکشی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور خودکشی کرنے والوں میں بیشتر خواتین اور نوجوان شامل ہیں-


