تہران(ہمگام نیوز ڈیسک)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ عظیم تر ہے اور اس کو کوئی ڈرا دھمکا نہیں سکتا ۔
ایرانی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق صدر حسن روحانی سنی علماء سے سوموار کی شب ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ’’ ان شاء اللہ ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیںگے ،ہمارے سر فخر سے بلند ہوںگے اور دشمن کو شکست ہوگی‘‘۔
انھوں نے یہ بیان متحدہ عرب امارات کے پانیوں کے نزدیک سعودی عرب کے دو تیل ٹینکروں اور امارات اور ناروے کے ایک ایک بحری جہاز پر تخریب کاری کے حملے کے بعد جاری کیا ہے۔ان چاروں بحری جہازوں کو اس حملے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔ایران نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت سخت کشیدگی پائی جارہی ہے اور امریکا نے ایران کی کسی ممکنہ اشتعال انگیزی سے نمٹنے کے لیے اپنا ایک طیارہ بردار بحری بیڑا اور مزید لڑاکا طیارے مشرقِ اوسط میں بھیج دیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے امریکی مفادات کو ہدف بنانے کی کوشش کی تو اس کو ’’بھاری خمیازہ ‘‘بھگتنا پڑے گا۔
انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ( ایرانی) کچھ کرتے ہیں ، تو یہ ان کی ایک بڑی سنگین غلطی ہوگی ور انھیں اس کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا‘‘۔
امریکا نے گذشتہ سال ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ا س کی تیل کی برآمدات پر دوبارہ پابندیاں عاید کردی تھیں۔گذشتہ ماہ امریکا نے ایران کی سپاہ ِ پاسداران انقلاب کو بھی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔یہ پہلا موقع تھا کہ اس نے دنیا کے کسی بھی ملک کی فوج کو دہشتگرد قرار دیا تھا۔
ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی;صدر حسن روحانی


