صنعا (ہمگام نیوز ویب ڈیسک ) اطلاعات کے مطابق یمن میں ایرانی شیعہ پراکسی حوثی باغیوں نے گذشتہ تین سال کے دوران میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں دس لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھارکھی ہیں ۔بارودی سرنگ دھماکوں کے نتیجے میں 216 معصوم بچوں سمیت 1194 عام شہری مارے گئے ہیں ۔
یہ بات سعودی عرب کے یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے منصوبے (ماسام) کے اعلیٰ عہدے دار نے بتائی ہے۔
ماسام جنگ زدہ یمن کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ یمنی شہریوں کی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے اور ہنگامی انسانی امداد کی متاثرین تک بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ماسام کے ڈائریکٹر جنرل اسامہ القصیبی نے کہا کہ دو ہفتے قبل اس منصوبے کے آغاز کے بعد سے تعز ، بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے ، بیہان ، عصیلان ، صعدہ ،شبوہ اور مآرب میں 919 بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنایا گیا ہیں‘۔
انھوں نے کہا کہ ’’ان میں بعض بارودی سرنگوں پر بین الا قوامی سطح پر پابندی عائد ہے۔ان سے بکتر بند گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑایا جا سکتا ہے۔حوثیوں نے یہ بارودی سرنگیں مختلف ذرائع سے حاصل کی تھیں اور ان میں سے 288 مقامی ساختہ یا ایرانی ساختہ تھیں‘‘۔
ماسام کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں جنگ زدہ یمن میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے کوششوں کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں اور یہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مہلک ثابت ہوسکتی ہیں۔اس پروگرام کا مقصد ماضی میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اپنے پیاروں سے محروم یا معذو ر ہونے والے یمنیوں کو امداد مہیا کرنا بھی ہے۔اس پروگرام کے تحت یمنی ماہرین کو بارودی سرنگیں تلف کرنے کی بھی تربیت دی جائے گی ۔تاکہ عام شہریوں کی زندگی کو معفوظ بنایا جاسکے۔