دی ہیگ (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق یوکرین نے روسی حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کے ادارے بین الااقوامی عدالتِ انصاف جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں جنگ کو روکنے کا مطالبہ اور نسل کشی پر روس کے مواخذے کی درخواست کی جائے گی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین روسی حملوں میں اپنے شہریوں کی ہلاکت کو نسل کشی تعبیر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے عالمی عدالت انصاف میں اپنا مقدمہ لے کر جائے گا۔یوکرین عالمی عدالت جنگ سے روسی حملوں کو رکوانے کے لیے ہنگامی حکم نامہ جاری کرنے کا مطالبہ کرے گا کیوں کہ روس کا حملہ یوکرینیوں کی نسل کشی ہے جس پر بین الاقوامی عدالت انصاف روس کا احتساب کرے۔اسی طرح روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی کہس ہے کہ مشرقی یوکرین کے دوصوبوں لوہانسک اور ڈونئیسک میں مقیم روسی زبان بولنے والوں کی نسل کشی کی گئی جس پر مغربی ممالک خاموش رہے۔ ان لوگوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے روس نے حملہ کیا۔روس کے اس موقف پر یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نسل کشی کی غلط تشریح کر رہا ہے۔ لوہانسک اور ڈونئیسک میں مسلح باغیوں نے پْرتشدد کارروائیاں کیں جس پر فوج نے دفاع کیا ہے۔دونوں ممالک اپنے اپنے دعوؤں کے ساتھ عالمی عدالت میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پہلے یوکرین اپنا مقدمہ پیش کرے گا پھر روس اپنا موقف رکھے گا۔ روس اور یوکرین دونوں عالمی عدالت انصاف کے رکن ہیں۔اگر عالمی عدالت انصاف کوئی فیصلہ کرتی ہے تو عمومی طور پر ممالک اس کی پیروی کرتے ہیں لیکن انکار پر عالمی عدالت کے پاس اپنا فیصلہ زبردستی نافذ کرنے کا اختیار نہیں۔