دوشنبه, اکتوبر 7, 2024
Homeخبریںیوگنڈا: دو سو سے زائد قیدی جیل توڑ کر فرار، اسلحہ خانے...

یوگنڈا: دو سو سے زائد قیدی جیل توڑ کر فرار، اسلحہ خانے سے پندرہ اے کے 47 بندوق اپنے ساتھ لے گئے

 

کاراموجا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق یوگنڈا کے کاراموجا کے علاقے میں قائم جیل میں موجود دو سو سے زائد قیدی جیل توڑ کر فرار ہوگئے۔

قیدی اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کے لیے اپنے کپڑے اتار کر فرار ہوئے۔ ان کا خیال تھا کہ جیل کے زرد رنگ کے کپڑوں میں انہیں با آسانی پہچان لیا جائے گا۔

اس کوشش کے دوران انہوں نے ڈیوٹی پر موجود جیلر کو اپنے قابو میں کر لیا تھا۔ یہ قیدی جیل کے اسلحہ خانے سے پندرہ اے کے 47 بندوقیں اور بیس میگزین بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ ملکی دستوں نے ان 219 قیدیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اس دوران دو مفرور قیدیوں کو ہلاک بھی کر دیا گیا ہے۔ بریگیڈیئر فلاویا بائیکواسو کے مطابق،”جیل سے فرار ہونے کا یہ ایک بڑا واقعہ ہے، یہ تمام بڑے اور پیشہ ور مجرم تھے۔ ان میں قاتل، ڈاکو اور جنسی زیادتی کرنے والے مجرم بھی شامل تھے۔‘‘

فوج کی خاتون ترجمان نے امید ظاہر کی کہ مسلح ہونے کے باوجود ان قیدیوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان کے بقول وہ رات کے اندھیرے میں فرار ہوئے ہیں،”اس دوران چھپنے اور دیگر علاقوں تک پھیلنے کے لیے انہیں کافی وقت مل گیا ہے مگر ہم انہیں ڈھونڈ نکالیں گے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے خبردار بھی کیا کہ یہ قیدی اشیاء اور کپڑوں کی خاطر مقامی افراد کے گھروں میں بھی چوریاں کر سکتے ہیں۔

کورونا وائرس کے بعد یوگنڈا میں جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ قیدی وائرس پھیلنے کے خطرے اور جیل کے برے حالات کی وجہ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یوگنڈا میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران قیدیوں کی تعداد میں دس فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی تعداد 65 ہزار ہو چکی ہے۔ زیادہ تر نئے قیدیوں کو کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں جیل میں ڈالا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز