اسلام آباد (ہمگام ویب ڈیسک) اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو پاکستان کے خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلیجنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے.
جنرل فیض حمید لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ لیں گے جو آٹھ ماہ تک پاکستانی آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز رہے ہیں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018 میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور اب انھیں کور کمانڈر گوجرانوالہ بنا دیا گیا ہے. آئی ایس آئی کے نئے سربراہ فیض حمید کو رواں برس اپریل میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی اور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے. فیض حمید کا نام نومبر 2017 میں اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر مذہبی تنظیم تحریکِ لبیک کے دھرنے کے دوران بھی سامنے آیا تھا، کہا جاتا ہے کہ تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان چھ نکات پر مشتمل معاہدہ کرنے میں اس وقت میجر جنرل کے عہدے پر کام کرنے والے فوجی افسر فیض حمید کی مدد شامل تھی.


