Homeخبریںاسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے پھر سے میدان مار لی

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے پھر سے میدان مار لی

تل ابیب(ہمگام نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے منگل 17 مارچ کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ اسحاق ہرتزوگ نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے یروشلم سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے سیاسی اتحاد کی طرف سے وزرات عظمیٰ کے امیدوار اسحاق ہرتزوگ نے ٹیلی فون پر نیتن یاہو کو مبارک باد دے دی ہے۔ بعدازاں ہرتزوگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی اتحاد اسرائیل کو ایک بہتر ریاست بنانے کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔

قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تل ابیب میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ انہوں نے اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں تاکہ حکومت سازی میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے ان انتخابات میں اپنی سیاسی پارٹی کی کامیابی کو اہم قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو حقیقت کا رنگ دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق لیکوڈ پارٹی کو تیس نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ 120 نشستوں والی اسرائیلی پارلیمان میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اعتدال پسند اتحاد کو چوبیس سیٹوں پر کامیابی حاصل ہو سکی ہے۔ یوں نیتن یاہو کے لیے چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اسرائیلی آئین کے مطابق اب ملکی صدر نیتن یاہو کو حکومت سازی کی پیشکش کریں گے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق حکومت سازی کے لیے وزیر اعظم نیتن یاہو مطلوبہ اکثریت بغیر کسی مشکل کے حاصل کر لیں گے۔

Exit mobile version