جنیوا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غیر قانونی طور پر یہودی بستیوں کی تعمیرات کو بند کردے۔
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے نئی اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیرات کو فوری بند کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں 540 گھروں کی تعمیرات اور چیک پوسٹ کی منظوری دینا انتہائی تکلیف دہ عمل ہے، یہ تعمیرات نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ خود اسرائیلی قانون کے تحت بھی غیر قانونی ہیں۔
زارئع کے مطابق مشرقی وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی نے کہا کہ میں ایک بار پھر اس بات پر زور دیتا ہوں کہ اسرائیلی بستیوں کی تعمیرات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیل کا یہ طرز عمل 2 ریاستی حل سمیت دیرپا اور جامع امن کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے لہذا ان بستیوں کی تعمیرات کو فوری روکا جائے۔


