یروشلم(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق اسرائیلی کمپنی رے شپنگ کا ملکیتی یہ جہاز بنام ہائپریون کو منگل کے دن متحدہ عرب امارات کے فجیرہ پورٹ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں بحری جہاز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
اسرائیلی میڈیا چینل 12 کے مطابق اسرائیلی حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قریب اسرائیل کی ملکیتی جہاز پر حملے پر ایران کو مورد الزام ٹہھرا کر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فجیرہ پورٹ کے قریب ہونے والے اس حملے کی ابھی تک اسرائیل یا متحدہ عرب امارات نے کوئی تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسرائيل پر ایرانی جوہری مرکز نطنز پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کا بدلا ضرور لیا جائے گا۔
میرین ڈیٹا کے مطابق ہائپریون بہاماس کے جھنڈے کے تحت سفر کر رہا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس جہاز کو ایرانی میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا نے بھی اس حملے میں میزائل یا ڈرون استعمال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے ان رپورٹس پر اپنا موقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔
یاد رہے خیلج کے اس حصے میں اس سے قبل بھی بحری جہازوں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔