Homeخبریںافغانستان:پولیس ہیڈکوارٹر پہ حملہ 20 اہلکار ہلاک

افغانستان:پولیس ہیڈکوارٹر پہ حملہ 20 اہلکار ہلاک

افغانستان کے مغربی علاقے میں طالبان کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملے کے نتیجے میں 20 اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق افغان صوبہ لوگر کے شہر پل عالم میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ ایک نے کھانے کے کمرے میں ایک جھڑپ کے بعد دھماکہ کیا۔
صوبہ لوگر کے گورنر کے ایک ترجمان دین محمد درویش نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’پہلے خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کو نشانہ بنایا جبکہ دیگر دو حملہ آور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے لیکن چوتھا خودکش حملہ آور کھانا کھانے کے ہال میں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔`
انھوں نے کہا کہ ہال میں دھماکے کے وقت پولیس اہلکار دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور پولیس ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے میں اس لیے کامیاب ہوئے کیونکہ انھوں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔
افغانستان کے صوبہ ہلمند میں ایک دن پہلے ہی سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا اور اسی روز صوبہ قندھار میں طالبان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔
افغانستان میں گذشتہ سال بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد سکیورٹی کی ذمہ داریاں اس وقت افغان افواج کے پاس ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی شدت پسندوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

Exit mobile version