چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںافغانستان :جلال آباد میں یکے بعد دس دھماکے ، 60 افراد زخمی

افغانستان :جلال آباد میں یکے بعد دس دھماکے ، 60 افراد زخمی

کابل ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق  افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں آج 100ویں یومِ آزادی کی تقریب میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کے نائب ترجمان نور احمد حبیبی نے بتایا کہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں 10 دھماکے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر افراد کو معمولی زخم آئے جنھیں مقامی ہسپتالوں میں علاج کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا۔

حملے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے فوری طور پر قبول نہیں کی، لیکن ننگرہار صوبے میں طالبان اور داعش سے وابستہ دہشتگرد گروہ سرگرم عمل ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق جلال آباد میں واقع مارکیٹ کے قریب بم نصب تھا جہاں سینکڑوں افراد یومِ آزادی کی تقریب میں شریک تھے۔محکمہ صحت کے سینئر عہدیدار فہیم بشیری نے بتایا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوئے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔

ایک دکاندار نے بتایا کہ مارکیٹ اسکوائر پر ہونے والے بم دھماکے میں ان کا ایک بھتیجا اور 2 بیٹے بھی زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ’بچے مارکیٹ میں یومِ آزادی منانے پر بضد تھے جہاں بم دھماکے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے‘۔

علاوہ ازیں افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان کے دارالحکومت میں جنگجوؤں کی جانب سے 5 راکٹ داغے گئے جس کے باعث یومِ آزادی کی تقاریب متاثر ہوئیں۔اس حوالے سے صوبائی حکام نے بتایا کہ حملے میں 6 شہری زخمی بھی ہوئے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ ’یوم آزادی کی باضابطہ تقریب ختم ہوچکی تھی، جس وقت راکٹ داغے گئے لوگوں کو کھانا پیش کیا جارہا تھا جس کے نتیجے میں 6 شہری زخمی ہوگئے‘۔

دوسری جانب افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے کابل میں یوم آزادی کے موقع پر کیے گئے خطاب میں جنگجوؤں کے محفوظ مقامات کے خاتمے میں عالمی برادری سے افغانستان کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’داعش کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، ایسے حملوں کی بنیاد طالبان نے رکھی ہے‘۔

تاہم اشرف غنی نے اپنی تقریر میں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے پر مذاکرات سے متعلق کوئی بات نہیں کی جس کے تحت طالبان کی جانب سے امن و امان کی ضمانت پر امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا ہوگا۔

خیال رہے کہ افغانستان نے 19 اگست 1919 کو برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز