Homeخبریںافغانستان : مظاہرے میں خود کش دھماکہ , 18 جاں بحق

افغانستان : مظاہرے میں خود کش دھماکہ , 18 جاں بحق

کابل (ہمگام نیوز) مشرقی افغانستان میں احتجاجی مظاہرے کے دوران خودکش دھماکہ، 18 افراد جاں بحق اور رکن پارلیمنٹ سمیت 60 سے زائد زخمی ہو گئے ، طالبان نے اظہار لاتعلقی کر دیا، افغان فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں 16 افراد مارے گئے ، ادھر سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ضلعی پولیس چیف جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق خوست شہر میں عوام صوبائی گورنر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے کہ خودکش بمبار نے مظاہرین میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا، زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ عوام کرپشن اور زمینوں پر ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے ۔زخمیوں میں رکن پارلیمنٹ ہمایوں ہمایوں بھی شامل ہیں جو احتجاج میں شریک تھے ۔ہمایوں ہمایوں پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دھماکے میں ملوث نہیں ہیں۔ کسی اور گروہ نے بھی تاحال دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دریں اثنا ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ضلعی پولیس چیف حکمت اللہ اکمل جاں بحق ہو گئے ۔ حکمت اللہ اکمل طالبان کے خلاف شروع کئے گئے تازہ آپریشن میں شریک تھے ۔ادھر افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں 10 جنگجو ہلاک ہو گئے جبکہ 6 اہلکار بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ یہ جھڑپیں مختلف علاقوں میں ہوئیں۔ اہلکاروں نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔دریں اثنا ملک کے مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 6 فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے –

Exit mobile version