دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںافغانستان میں بھارتی قونصلیٹ پر خودکش حملہ اور فائرنگ

افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ پر خودکش حملہ اور فائرنگ

کابل (ہمگام نیوز)افغان سکیورٹی فورسز نے مشرقی شہر جلال آباد میں ان تمام خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جنہوں نے بھارتی قونصل خانے کو نشانہ بنایا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی قونصلیٹ کو ایک ایسے موقع پر نشانہ بنایا گیا ہے، جب گزشتہ روز ہی دارالحکومت کابل اور صوبہ کنڑ میں ہونے والوں حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔آج ایک کار بم دھماکے کے ذریعے بھارتی قونصلیٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں قونصلیٹ کے دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ وہاں کھڑی کم از کم آٹھ گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اس حملے کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں پورا علاقہ گونج اٹھا۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ رہی تھیں جبکہ عام شہری وہاں سے دور بھاگ رہے تھے۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانو کا کہنا تھا کہ چار حملہ آوروں کو بھارتی قونصلیٹ میں داخل ہونے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا ہے، ’’ان کا نشانہ بھارتی قونصلیٹ تھی لیکن ہماری فورسز نے فائرنگ کرتے ہوئے انہیں اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا۔‘‘
صوبہ ننگرہار میں حفظان صحت کے شعبے کے سربراہ نجیب اللہ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اس کے برعکس جنوری میں اس کے قریب ہی واقع پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری فوری طور پر داعش نے قبول کر لی تھی۔
یہ بھی پڑھیں

فیچرز