راولپنڈی (ہمگام نیوزڈیسک) پاکستان آرمی کے چیف سے افغانستان کے ایڈوائیزر قومی سلامتی کی ملاقات، ملاقات جی ایچ کیو پنڈی میں ہوئی، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے اور افغان امن عمل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے مشیر قومی سلامتی پاکستان کے دورے کے سلسلے میں راولپنڈی پہنچے ہیں۔ افغانستان کے مشیر قومی سلامتی ہمد اللہ محب نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
افغانستان کے مشیر قومی سلامتی ہمد اللہ محب نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے معاملے اور افغان امن عمل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کے مشیر قومی سلامتی ہمد اللہ محب اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وزیرستان میں پاکستانی فوج کی چیک پوسٹوں پر حال ہی میں جان لیوا حملے کیے گئے ہیں، جبکہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں مصروف فوجی اہلکاروں پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان، افغانستان اور ایران کا سہ فریقی اجلاس 17 جون کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں تینوں ملکوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ یہ بات وزیر مملکت برائے سفیران شہریار آفریدی نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (PID) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں 8 لاکھ 40 ہزار غیر رجسٹرڈ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی رضا کارانہ وطن واپسی کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔افغانستان میں امن عمل سے متعلق مذاکرات افغان اور طالبان کے درمیان روسی دارالحکومت ماسکو میں جاری ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان رہنماؤں کے گروپ کی سربراہی سابق صدر حامد کرزئی اور طالبان وفد کی سربراہی ملا عبد الغنی برادر کر رہے ہیں۔


