دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںامریکا اورچین مذاکرات کریں تضاد سے نقصان پہنچے گا : یواین سیکریٹری...

امریکا اورچین مذاکرات کریں تضاد سے نقصان پہنچے گا : یواین سیکریٹری جنرل

نیورک ( ہمگام نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے امریکا اور چین پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات کے خاتمے کے لیے بات چیت کریں۔انھوں نے دنیا میں بڑھتی ہوئی تقسیم اور تضادات کے بارے میں خبردارکیا ہے۔
گوٹیرس منگل کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے انھوں نے کہا مجھے خدشہ ہے، ہماری دنیا اقتصادی، تجارتی، مالیاتی اور ٹیکنالوجی کے قواعد کے دو مختلف سیٹوں، مصنوعی ذہانت کی ترقی میں دو مختلف طریقوں اور آخرکار دو مختلف فوجی اور جغرافیائی سیاسی حکمتِ عملیوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’یہ اتھل پتھل اور پریشانی کا ایک نسخہ ہے۔ اس کے بارے میں سردجنگ کے مقابلے میں بہت کم پیشین گوئی کی جاسکے گی۔ ہمیں اعتماد کی بحالی اور امید پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینےکی ضرورت ہے۔ ہمیں بات چیت اور مکالمے کی ضرورت ہے۔ ہمیں (معاملات کو)سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘‘
گوٹیرس نے کہا کہ دونوں طاقتوں(امریکا اور چین) کے درمیان تقسیم اور تضادات نے بغاوتوں کو فرو کرنے سمیت دیگر اہم ترجیحات پر کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ اس سال فروری میں میانمار اور گنی دونوں میں مسلح افواج نے اقتدار پرقبضہ کر لیا تھا اور اگست میں افغانستان میں مغرب کی حمایت یافتہ حکومت کی جگہ طالبان اقتدار پر قابض ہوگئے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم طاقت کے ذریعے اقتدار پر قبضے کی کوششوں میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ فوجی بغاوتیں لوٹ آئی ہیں۔ اس صورت حال میں عالمی برادری کے درمیان اتحاد میں کمی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ جغرافیائی، سیاسی تقسیم بین الاقوامی تعاون کو نقصان پہنچارہی ہے اور اس سے سلامتی کونسل کی ضروری فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی محدود تر ہورہی ہے۔‘‘
جنرل اسمبلی کے اس سالانہ اجلاس میں عالمی لیڈروں میں امریکی صدر جو بائیڈن نے سب سے پہلے تقریر کی ہے۔انھوں نے ابھرتے ہوئے مطلق العنان چین کو اکیسویں صدی کا سب سے بڑاچیلنج قرار دیا ہے۔
چینی صدر شی جین پنگ بھی اقوام متحدہ کے اس سالانہ اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں لیکن کووِڈ کی پابندیوں کی وجہ سے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے عالمی لیڈروں سے مخاطب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز