یکشنبه, اپریل 27, 2025
Homeخبریںامریکہ سے تعلقات ہمیشہ استواررہنے کی ضمانت نہیں :جرمنی

امریکہ سے تعلقات ہمیشہ استواررہنے کی ضمانت نہیں :جرمنی

برلن( ہمگام نیوز)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی یونین کے رکن ممالک پر باہمی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ میرکل کا کہنا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ امریکہ سے تعلقات ہمیشہ استوار رہیں گے۔

میرکل نے بروز جمرات مورخہ 12 جنوری کو برسلز میں بیلجیم کی لووِن اور گینت یونیورسٹیوں سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد شرکاء سے خطاب میں کہا کہ  یورپی یونین نے اپنی سرحدوں کے اندر اور قریبی علاقوں میں متعدد چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے جن میں مہاجرت ، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات، مشرقی یوکرائن میں تشدد، شام میں جنگ اور افریقہ میں غربت اور قحط شامل ہیں۔

میرکل نے مزید کہا کہ یورپ اور یورپی یونین کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انہیں مستقبل میں عالمی سطح پر مسائل کے حل کے لیے زیادہ ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔

جرمن چانسلر نے یورپی یونین اور امریکا کے آئندہ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ بہتر ہو گا اگر ہم خود کو دھوکے میں نہ رکھیں۔ ہمارے روایتی شراکت داروں کے حوالے سے اگر ہم ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کی بات کریں تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ اُن کا قریبی تعاون یورپی ممالک کے ساتھ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ ہمیں اس معاملے پر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔‘‘

گزشتہ برس میرکل نے کہا تھا کہ مجموعی ملکی پیداوار  یا جی ڈی پی میں دو فیصد کا مقرر کردہ نیٹو ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے جرمنی کو دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنا ہو گا۔ تاہم میرکل  اس حوالے سے بہت پر امید نہیں تھیں کہ اس ہدف کو مستقبل قریب میں حاصل کر لیا جائے گا۔

 یورپی ممالک گزشتہ سات دہائیوں سے سیکیورٹی کے معاملات میں امریکا پر انحصار کرتی رہے ہیں تاہم یورپی یونین نے دسمبر سن 2016 میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے ابتدائی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مہاجرین کے جرمنی میں آزادانہ داخلے کی پالیسی پر جرمن چانسلر میرکل کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسی تناظر میں میرکل نے کہا تھا کہ یورپ کو اپنی سرحدوں پر گرفت مزید  مضبوط کرنے کے لیے یہاں آمد و رفت کو رجسٹر کرنے کے بنیادی عمل میں سرعت پیدا کرنےکی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز