ٹیکساس ( ہمگام نیوز ڈیسک ) امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ہفتے کی دوپہر کم از کم ایک مسلح شخص نے ٹیکساس کے مغربی شہروں مڈ لینڈ اور اوڈیسا کے درمیانی علاقے میں گاڑی چلاتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کی۔
اس واقعے کے دوران امریکی پوسٹل سروس کی ایک وین کو بھی اغوا کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سفید فام مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے تاہم دوسرے مشتبہ افراد کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے پانچ افراد کی ہلاکت جبکہ 16 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرین میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چار ہفتے قبل ہی ٹیکساس کے علاقے ایل پاسو میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 22 افراد کو ہلاک اور 24 کو زخمی کردیا تھا۔