واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈسک رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے طیب اردگان کی پیشکش قبول کرتے ہوئے کابل ائیرپورٹ کی سیکورٹی کی ذمہ داری ترکی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن نے افغانستان سے غیر ملکی انخلا کے بعد کابل ائیرپورٹ کی سیکورٹی کی ذمہ داری ترکی کے حوالے کر دی ہے۔ کابل ائیرپورٹ فوجیوں کے انخلا کے بعد بھی غیر ملکی وفود کی افغانستان آمد و رفت کے لئے استعمال ہو گا۔
امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ کی سیکورٹی ترکی کے حوالے کرنے کا فیصلہ صدر جو بائیڈن اور طیب اردگان کے درمیان برسلز میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔
امریکی مشیر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تنازع اور تناؤ کا باعث بننے والے معاہدوں کا طویل مدتی حل نہیں نکل سکا تاہم دونوں رہنماؤں نے ان معاملات پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ترکی کا روس سے ایس-400 دفاعی نظام خریدنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ساتھ کئے گئے امریکی جیٹ فائٹرز طیاروں کی خریداروں کے معاہدے کو منسوخ کر دیا تھا اور یہ معاملہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔


