واشنگٹن(ہمگام نیوزڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں امریکی سلامتی کو درپیش 5 بڑے خطرات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غلط ہاتھوں میں لگ جانے کا خدشہ ان میں سے 1 ہے۔
انہوں نے پاکستان پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف جو ایکشن لئے ہیں وہ ہم سے پہلے کسی حکومت نے نہیں لئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو وہ بہت سنجیدہ لیتے ہیں کیونکہ انہوں نے خود اپنے دوستوں کو اس لڑائی میں کھویا ہے۔ “ہم نے 9 ستمبر کے حملوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم نے پاکستان پر اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کے لیے زور ڈالا ہے۔”پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کشیدگی پاکستان کی طرف سے جانے والے دہشت گردوں کی وجہ سے شروع ہوئی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ان دہشت گردوں کو روکنے کے لئے اپنے اقدامات بڑھانے ہوں گے اور ان دہشت گردوں کو محفوظ پناگاہیں دینا بند کرنا ہو گا۔


