کابل(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے اپنی خبر میں افغان اور امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ آئندہ 20 روز میں بگرام ایئربیس افغان حکومت کے حوالے کر دے گا۔
جبکہ پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان کربی نے منگل کو بگرام ایئربیس کی حوالگی کی تاریخ سے متعلق تصدیق کرنے سے معذرت کی ہے۔ تاہم انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ بگرام بیس حوالے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں فضائی آپریشن کے لیے بگرام ایئر بیس مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور امریکی فوج کے لیے اس بیس نے ایک اہم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کردار ادا کیا ہے۔
افغان حکام نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ امریکہ نے قندھار ایئرفیلڈ پہلے ہی چھوڑ دی تھی۔ جہاں بڑے پیمانے پر سیکیورٹی تنصیبات موجود تھی جہاں ایک موقع پر 30 ہزار اتحادی فوجی اور کنٹریکٹر موجود تھے۔
یاد رہے کہ سینٹ کام نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں قانون سازوں کے سامنے ایک سماعت میں کہا تھا کہ افغانستان سے 25 فی صد کے قریب انخلا مکمل ہو چکا ہے۔
امریکی سینٹرل کمان نے منگل کے روز کہا کہ چھ فوجی تنصیبات افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ جب کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں مزید فوجی اڈے افغان فورسز کو سونپ دیے جائیں گے۔
سینٹ کام کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متوقع طور پر آئندہ دنوں میں مزید فوجی اڈے اور فوجی اثاثے افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیے جائیں گے جو اپنے ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے کام کر رہے ہیں۔


