واشنگٹن(ہمگام نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں مخالف گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیاکے مطابق ریاست ٹیکساس کے شہر واکو کے سینٹرل ٹیکساس مارکیٹ پلیس’ نامی کاروباری مرکز میں واقع ایک ریستوران اس وقت میدان جنگ بن گیا جب وہاں موٹرسائیکل سواروں کے 3 گروہوں کے ارکان کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی۔ ملزمان کے مابین پہلے لاتوں اور گھونسوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد انہوں نے لاٹھیوں اور خنجروں سے ایک دوسرے پر وار کئے اور پھر انہوں نے اسلحہ استعمال کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی ہلاک جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے تصادم کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جب کہ صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے شہر کے نواحی علاقوں سے بھی پولیس کے دستے طلب کرلیے گئے ہیں۔