واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داعش کے امیر ابوبکر البغدادی کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کردیا۔
آج اتوار کے روز صدر ٹرمپ نے خبر جاری کرتے ہوئے کہا کہ شام کے شمال مشرقی علاقے میں داعش کے امیر کی امریکی چھاپے کے دوران ہلاکت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ داعش کے امیر کی ہلاکت ان کی انتظامیہ کی پہلی ترجیح تھی۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسپیشل امریکی دستے کی جانب سے یہ کاروائی عمل میں لائی گئی اور اس آپریشن میں امریکی فورس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جب کہ ابوبکر البغدادی اپنے دیگر سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ ہلاک ہوگئے۔ داعش کے امیر کی عمارت میں بچے بھی موجود تھے جن کو با حفاظت وہاں سے نکال دیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق ابوبکر البغدادی نے شام اور عراق میں اسلامی خلافت قائم کرنے کا اعلان کر رکھا تھا اور تب ہی سے امریکی افواج کے لئے وہ پہلی ترجیح بن گئے تھے کہ اس عالمی دہشت گرد تنظیم کو کسی بھی طرح سے پنپنے نہیں دینا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ البغدادی کی موت ایک سال کی ان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے کہ پوری دنیا میں مطلوب ترین دہشت گرد شخص اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ البغدادی کا سراغ رساں تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے ایک غار میں پیچھا کیا گیا جہاں اس نے تین بچوں کو بھی گھسیٹتے ہوئی اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا، امریکی افواج کے پہنچنے پر اس نے خودکش بم دھماکے میں اپنی اور اپنے ساتھ رکھے تینوں بچوں کی جان لے لی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شناخت کے لئے فوراً کچھ ٹیسٹ کئے گئے جس سے ثابت ہوگیا کہ وہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ہی ہے۔
داعش کا امیر کتوں کی طرح مارا گیا، وہ بزدلوں موت مرا، دنیا اب پہلے سے بہت زیادہ محفوظ رہنے کی جگہ بن گئی ہے، صدر ٹرمپ نے مزید کہا۔