پسنی (ہمگام نیوز) 4 اگست 2014 کو مقبوضہ بلوچستان کے ساحلی علاقے کُلانچ پسنی سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری طور پر اغواء ہونے والے کلانچ کے رہائشی امیر بخش ولد حاجی فیروز کے لواحقین نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر بخش بے قصور ہے اُسے باحفاظت بازیاب کیا جائے ۔
امیربخش کے لواحقین نے مزید کہا کہ اگر امیربخش نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں ریاست کے ہی قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیئے جائیں، جبکہ اس کے برعکس ہمارے پیارے کو کئی سالوں سے اس طرح فوجی کیمپوں کے اذیت خانوں میں مسلسل حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
لواحقین نے ملکی اور غیر ملکی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ جبری مغوی اسیران کی باحفاظت بازیابی کےلیے اپنا کردار ادا کرکے جبری مغویان کے پورے خاندانوں کو اجتماعی اذیت سے نجات دلانے میں ہماری مددکریں۔
واضح رہے بلوچستان میں جبری اغوا شدہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے،جن کے لواحقین کے احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


