اورماڑہ (ہمگام نیوز) بلوچی زبان کے ممتاز شاعر مبارک قاضی کی یومِ پیدائش کے موقع پر 24 دسمبر کو اورماڑہ میں منعقد ہونے والی ادبی تقریب سیکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ کر دی گئی ہے۔ پروگرام کے منتظمین کے مطابق یہ فیصلہ اچانک پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
یہ ادبی پروگرام دو ادبی تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہونا تھا، تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ انہیں آخری وقت میں پروگرام نہ کرنے کی ہدایت دی گئی، جس کے بعد تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اورماڑہ سے تعلق رکھنے والے شاعر اور پروگرام کے منتظم سلیم بزگ نے ادبی حلقوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ طے شدہ تاریخ کو پروگرام میں شرکت کے لیے نہ آئیں، کیونکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہ سرگرمی اب منعقد نہیں ہو رہی۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 17 دسمبر کو پروگرام کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کی تھی، تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ انہیں زبانی طور پر آگاہ کیا گیا کہ این او سی منسوخ کر دی گئی ہے اور پروگرام منعقد نہ کیا جائے۔
اورماڑہ سے یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ سیکیورٹی فورسز نے شہر کے مختلف حصوں میں شاعر گلزمین مبارک قاضی کی یاد میں آویزاں کیے گئے بینرز، پوسٹرز اور فلیکس مبینہ طور پر ہٹا دیے ہیں۔ ایک مقامی شہری کے مطابق یہ کارروائی رات کے وقت مختلف علاقوں میں کی گئی۔
ادبی و ثقافتی حلقوں نے اس پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شاعر کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ تقریب خالصتاً ادبی نوعیت کی تھی، جس کا مقصد بلوچی زبان و ادب کے ایک اہم شاعر کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔


