کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچستان کی سماجی و فلاحی تنظیم اوست ویلفئیر آرگنائزیشن نے اپنے چئیرمین محمد جان دشتی اور جنرل سیکریٹری قیوم وفا کی قابض پاکستانی آرمی اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں اغواء کے بعد اپنی تمام تر فلاحی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
اوست ویلفئیر آرگنائزیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیسبک پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں اوست ویلفئیر آرگنائزیشن کی مدد سے سینکڈوں مریض کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور ان کے علاوہ بہت سے نئے بے یار و مدد گار مریضوں کے خاندان اوست ویلفئیر آرگنائزیشن سے رابطے میں ہیں کہ ان کی مدد کی جائے چونکہ اوست ویلفئیر آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد جان دشتی اور جنرل سیکرٹیری عبدالقیوم اور عبدالقیوم کے بھائی جو حال ہی میں کراچی آئے تھے تاکہ عبدالقیوم کا پتہ لگا سکیں وہ بھی لاپتہ کردئیے گئے ہیں چنانچہ احتجاجا اوست ویلفئیر آرگنائزیشن میڈیکل ٹیم کے ساتھ اپنی تمام تر فلاحی سرگرمیوں کو معطل رکھنے کا فیصلہ کرتی ہے۔
یہ یقیناً ایک تشویشناک امر ہے کہ جو تنظیم پچھلے کئی سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت چندے کرکے بے سہارہ اور غریب مریضوں کا علاج کرتی رہی ہے اس کے ساتھ ریاستی اداروں کا اس طرح کا برتاؤ کئی سوال جنم دیتا ہے۔
سوشل میڈیا میں اسی موضوع پر بلوچ عوام اپنی رائے دے رہی ہے کہ اب ریاست اس حد تک شکست کی نفسیاتی حد پر پہنچ گئی ہے کہ وہ بلوچستان میں سماجی کام بھی نہیں کرنے دے رہی۔