زاہدان (ہمگام نیوز) آج بروز پیر 12اکتوبر 2026 کو سیاسی و سیکیورٹی الزامات کے تحت گرفتار اور مجرم قرار دیے گئے بلوچ شہری “عمر درستاراں” کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ یہ پھانسی ایسے وقت میں دی گئی ہے جب بلوچستان میں قابض ایرانی فوجی اور سیکیورٹی فورسز پر حالیہ مسلح حملوں کے بعد ایران کے عدالتی و سیکیورٹی حکام کے انتقامی ردعمل کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، اور اس نے ایک بار پھر انتقامی پھانسیوں کی تاریخ کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔ حکومتی حکام کی جانب سے مسلح کارروائیوں میں معاونت کے حوالے سے عمر درستاراں کے کردار کے دعووں کے باوجود، مقدمے کے شواہد، عدالتی کارروائی اور منصفانہ ٹرائل کے امکانات کے بارے میں کوئی آزاد معلومات شائع نہیں کی گئیں۔

عمر درستاراں” ولد عبدالقادر، راسک کے گاؤں چیراغاں سے تعلق رکھتے ہیں ، انہیں 29 مارچ 2024 کی شام راسک شہر میں سادہ لباس میں ملبوس انٹیلی جنس اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔ ان کی گرفتاری سرباز میں سرکاری میڈیا کی جانب سے بیان کردہ جھڑپ سے تین روز قبل عمل میں آئی تھی، اور باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ جھڑپ کے وقت وہ اس مقام پر موجود نہیں تھے۔ تاہم پھانسی کا اعلان کرتے وقت سرکاری میڈیا نے انہیں متعدد مسلح حملوں کی پشت پناہی سے جوڑا، جن میں مارچ 2024 میں چابہار میں فوجی تنصیبات پر ہونے والے حملے بھی شامل ہیں۔

بلوچستان میں انتقامی پھانسیوں کی دستاویزی 27 اکتوبر 2013 سے ملتی ہے، جب 26 اکتوبر کی شام سراوان کے علاقے میں ایک سرحدی چوکی پر مسلح حملے کے نتیجے میں کم از کم 14 سرحدی محافظ ہلاک اور سات زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کے اگلے ہی روز صوبائی عدالتی حکام نے زاہدان سینٹرل جیل میں 16 قیدیوں کو پھانسی دینے کا اعلان کیا۔ زاہدان کے اس وقت کے جنرل و انقلابی پراسیکیوٹر نے ان پھانسیوں کو خود “انتقام جویانہ” قرار دیا تھا۔ ان قیدیوں کو گزشتہ برسوں کے دوران الگ الگ مقدمات میں حراست میں لیا گیا تھا اور سراوان حملے سے ان کا کوئی براہ راست تعلق ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔ سزائے موت پانے والوں میں سے آٹھ کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزا سنائی گئی تھی۔ یہ واقعہ بلوچستان میں مسلح حملے کے جواب میں سزائے موت کے انتقامی استعمال کی واضح ترین مثال میں سے ایک ہے۔

ایک اور واقعہ میں ، سیکیورٹی الزامات پر سزائے موت پانے والے بلوچ قیدی جاوید دہقان کو یکم فروری 2020 کو زاہدان سینٹرل جیل میں پھانسی دی گئی۔ پھانسی سے قبل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے منصفانہ مقدمے کے حق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا، جن میں تشدد، جبری گمشدگی، طویل عرصے تک قید تنہائی اور جبری اعترافات شامل تھے، اور پھانسی روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ دہقان کو ایک مسلح گروہ سے وابستگی اور ایک ایسے حملے میں شرکت کا مجرم قرار دیا گیا تھا جس میں پاسداران انقلاب کے دو ارکان کی ہلاکت کا الزام تھا۔ اس کیس اور اس جیسے دیگر کیسز کا جائزہ لینے کے بعد اقوام متحدہ کے ماہرین نے بلوچ قیدیوں کی پھانسیوں میں اضافے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔

موجودہ حالات میں سزائے موت پر بیک وقت عمل درآمد اور سیستان و بلوچستان میں حالیہ مسلح حملوں نے اس طرز عمل کے دہرائے جانے کے امکان کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ 2013 کا ریکارڈ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ مقدمات کا آزادانہ جائزہ لینے، الزامات اور ٹرائل کے عمل میں شفافیت اور سزائے موت کو معاشرے میں انتقام یا خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔

شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے آرٹیکل 6 کے مطابق، جس کا ایران بھی فریق ہے، زندگی کا حق ایک بنیادی انسانی حق ہے اور کسی کو بھی من مانے طور پر اس حق سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ معاہدے کا آرٹیکل 14 منصفانہ ٹرائل، مؤثر دفاع تک رسائی اور آزاد و غیر جانبدار ٹریبونل کے ذریعے مقدمے کی سماعت کے حق پر بھی زور دیتا ہے۔ مسلح حملوں کا بدلہ لینے کے لیے سزائے موت کا استعمال، یا منصفانہ عدالتی عمل میں انفرادی ذمہ داری ثابت کیے بغیر افراد کو سزا دینا، ان اصولوں کے منافی ہے۔ 2013 میں سراوان حملے کے ایک دن بعد زاہدان میں 16 قیدیوں کو پھانسی دینے کی تاریخ اور “عمر درستاراں” کیس کی تفتیش میں پائی جانے والی ابہام کو دیکھتے ہوئے، انتقامی پھانسیوں کے اعادے اور بلوچ قیدیوں کے حقِ حیات کی خلاف ورزی کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس سے انسانی حقوق کے مقدمات کی نگرانی کے لیے انسانی حقوق کے اداروں کی ضرورت مزید نمایاں ہو جاتی ہے۔