شنبه, اکتوبر 12, 2024
Homeخبریںایران دنیا بھر میں امن کے لیے خطرہ ہے: اسرائیلی وزیر اعظم

ایران دنیا بھر میں امن کے لیے خطرہ ہے: اسرائیلی وزیر اعظم

تل ابیب (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے زور دیا ہے کہ ایران دنیا بھر میں امن کے لیے خطرہ ہے۔ اتوار کے روز اپنی ٹویٹ میں بینیٹ نے لکھا کہ ”ہم ایک بار پھر دیکھ رہے ہیں کہ ایران دنیا کے تمام حصوں میں امن کے لے خطرہ بن رہا ہے۔ ہم جتنا اکٹھا ہو کر ایرانی جارحیت کے سامنے کھڑے ہوں گے اس پر روک لگانے کے لیے ہماری قدرت میں اتنا ہی اضافہ ہو گا”۔

نفتالی بینیٹ کا یہ بیان اُس حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں پٹرولیم مصنوعات کے ایک بحری آئل ٹینکر کو جمعرات کے روز سلطنت عُمان کے ساحل کے نزدیک نشانہ بنایا گیا تھا۔ ٹینکر پر لائبیریا کا پرچم لہرا رہا تھا۔ یہ ایک جاپانی کمپنی کی ملکیت ہے اور اسے ایک اسرائیلی کمپنی زودیاک میری ٹائم چلا رہی ہے۔ حملے میں برطانیہ اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک، ایک باشندہ مارا گیا تھا۔

دوسری جانب ایران نے اس واقعے میں اپنے کسی بھی کردار کی نفی کی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینیٹ نے اتوار کے روز حکومت کے ہفتہ وار سیکورٹی اجلاس میں ایران کی جانب سے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کو بزدلانہ رجحان قرار دیا۔ بینیٹ کا کہنا تھا کہ ”میں قطعی طور پر یہ کہتا ہوں کہ ایران نے ہی بحری جہاز پر حملہ کیا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس معلومات تہران پر لگائے جانے والے الزام کو سہارا دے رہی ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے کا سخت جواب دیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلینکن نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ ”موصول ہونے والی معلومات کا جائزہ لینے پر ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ یہ حملہ ایران نے کیا۔ حملے میں دھماکا خیز ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گیا… اس حملے کا کوئی جواز نہیں ہے”۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے بھی اتوار کے روز واضح کیا کہ ”غالب گمان ہے کہ ایران نے ہی ایک یا ایک سے زیادہ ڈرون طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے بحری ٹینکر پر یہ غیر قانونی اور وحشیانہ حملہ کیا”۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ”ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حملہ دانستہ طور پر کیا گیا جو ایران کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے”۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز