سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںایران نے اپنا دوسرا فوجی سیٹلائٹ بھی خلا میں بھیج دیا

ایران نے اپنا دوسرا فوجی سیٹلائٹ بھی خلا میں بھیج دیا

تہران (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ایران کی کالعدم محافظین انقلاب اسلامی کور کے مطابق تہران نے اپنا دوسرا فوجی سیٹلائٹ نور دوم خلا میں بھیج دیا ہے۔

یہ فوجی سیٹلائٹ ایک ایسے وقت پر خلا میں بھیجا گیا ہے، جب ویانا میں ایرانی جوہری مذاکرات ایک نازک مرحلے میں ہیں۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے منگل آٹھ مارچ کے روز بتایا کہ اس فوجی سیٹلائٹ کے خلا میں بھیجے جانے کی تصدیق ملک کی کالعدم  محافظین انقلاب اسلامی کور (IRGC) کی طرف سے کی گئی۔

یہ ایرانی سیٹلائٹ اب زمین سے 500 کلومیٹر (311 میل) کی بلندی پر خلا میں اپنے مدار میں پہنچ چکا ہے اور گردش میں ہے۔

خبر ایجنسی روئٹرز نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ ایران کی طرف سے فوجی نوعیت کا یہ دوسرا سیٹلائٹ خلا میں بھیجا جانا ملکی مسلح افواج کے لیے ایک بڑی عسکری پیش رفت ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی یہ اس لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتا ہے کہ تہران کے جوہری اور میزائل پروگراموں سے متعلق بین الاقوامی سطح پر پہلے ہی شبہات پائے جاتے ہیں اور تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین بات چیت بھی اس وقت بہت نازک مرحلے میں ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے دیرینہ حریف ملک امریکہ میں فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران اپنے ایسے فوجی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنے کے لیے طویل فاصلے تک رسائی کو یقینی بنانے والی جس بیلسٹک ٹیکنالوجی کا استعمال کر ر ہا ہے، اسی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے وہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار بھی بنا سکتا ہے اور ان پر ممکنہ طور پر ایٹمی وار ہیڈز بھی لگائے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز